اسلا م آباد (آئی این پی )جس وقت پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینے میں مصروف تھا اور اس کی فضائی حدود میں چڑیا کو بھی پر مارنے کی اجازت نہیں تھی، اس وقت ایک کمرشل طیارہ ایسا تھا جو تن تنہا پاکستان کی فضائی حدود میں محو پرواز تھا۔میڈیارپورٹ کے مطابق فلائٹ ریڈار24، جو کہ ایک معروف پرواز ٹریکنگ ویب سائٹ ہے، نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر اس طیارے کی ایک روٹ میپ شیئر کی، جو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول جا رہا تھا۔فلائٹ ETH672 طیارے کا سفر پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتا ہوا ریکارڈ کیا گیا، جب کہ عالمی فضائی حدود میں کشیدگی کے باعث بیشتر پروازوں نے پاکستانی فضائی حدود سے بچنے کی کوشش کی۔ویب سائٹ کے مطابق، پاکستانی فضائی حدود نے اب تک بند ہونے کا اعلان نہیں کیا تھا، لیکن اس دوران کئی اہم فضائی راستے بند تھے یا ٹریفک کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ اس کے باوجود، ایتھوپیا کا طیارہ ان خالی فضائی راستوں سے گزرتا ہوا پاکستان کے آسمان پر نظر آیا۔