فرخ ریاض بٹ
مقبوضہ جموں وکشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں گزشتہ ماہ کی بائیس تاریخ کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر بھارت نے کسی تحقیق و تفتیش کے بغیر جس طرح فوری طور پر پاکستان کے خلاف الزام تراشی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت سخت سفارتی اقدامات کے ذریعے خطے میں جنگ کی فضا پیداکی اور پھر جنگی جنون میں مبتلابھارت نے رات کے اندھیرے میں نے اپنی فضائی حدود سے پاکستانی علاقوں بہاولپور، کوٹلی، مظفر آباد میں میزائل داغے ہیں اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا ہے جس سے 23 معصوم شہری شہید ہوگئے۔ افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیارے اور 3 ڈرونز مار گرائے۔جبکہ پاکستان نے بھارتی فوج کی 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا، یہ یونٹ آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ہے۔پاک بھارت تعلقات کی تاریخ کشیدگی ، بداعتمادی اور تنازعات سے بھری پڑی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی جنگیں ہوچکی ہیں اور سرحدی جھڑپیں معمول کی بات رہی ہیں۔
پاک فوج جس کا مقصد وطن عزیز کی ارضی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے قیام پاکستان کے بعد تین جون 1947ء کو برٹش انڈین آرمی کی تقسیم کے نتیجے میں معرض وجود میں آنیوالی پاک فوج بشمول پاک بحریہ اور پاک فضائیہ اس وقت دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہے۔عسا کر پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دنیا سے مخفی نہیں پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیکرنہ صرف دنیا کے سامنے دلیل کے ساتھ وطن عزیز کو پر امن ملک کے طور پر منوایا بلکہ دنیا کو یہ پیغام دیا کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان عالمی دنیا کے ساتھ کھڑا ہے لیکن امن کے دشمن ممالک تاحال اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے پاکستان کے امن کو تباہ کر نے کے درپے ہے۔ازلی دشمن بھارت کی پاکستان دشمنی دنیا سے ڈھکی چھپی نہیں ابھی تک 65ء کی مختصر جنگ میں بیدار صفت پاک فوج کے ہاتھوں شکست و ریخت کا سانپ دشمن کے سینے پر سانپ بن کر لوٹ رہا ہے پاک فوج نے رات کے اندھیرے میں ملک عزیز پر غیر اعلانیہ طور پر شب خون مارنے والے سفاک دشمن کا بارہ سو کلو میٹر تک کا علاقہ فتح کر لیا تھا اور بھارت کو پوری دنیا کے سامنے یہ مفتوحہ علاقہ اقوام متحدہ کے معاہدہ تاشقند کے ذریعے واپس لے کر تاریخی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم کی کڑیاں عالمی سازش کا حصہ ہیں عالمی صیہونی و دجالی قوتیں بھارت کی پشت پناہی پر ہیں لیکن افواج پاکستان دشمن کے ناپاک ارادوں سے کسی پل بھی بے خبر نہیں پاک فوج ریاست پاکستان کا وہ ادارہ ہے جس نے دشمن کو ہر محاذ پر پسپا کرنے کے لیے اپنے خون کے نذرانے پیش کر کے اس قوم کو جلا بخشی اور یہی وجہ ہے پاک فوج کی بے لوث لازوال قربانیاں پوری قوم کا فخر و امتیاز ہیں۔دشمن کے کسی بھی وار کابھر پور جواب دینے کے لیے ملک کی مستعد مسلح فورسز ہمہ وقت الرٹ ہیں۔
افواج پاکستان سے محبت کی بے شمار وجوہات ہیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ جب بھی ملک پر کوئی قدرتی آفت آتی ہے خواہ وہ زلزلے کی شکل میں ہو یا شدید طوفانی بارشیں یا سیلاب ہو، افواج پاکستان کے جوان اور افسران اپنی جانوں اور آرام کی پروا کیے بغیر عوام کی مدد کو آتے ہیں اور ان کی جان ومال کی حفاظت کرتے ہیں اور لاکھوں لوگوں کی دْعائیں لیتے ہیں اور ملک بھر کے عوام کی محبتیں سمیٹتے ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی بحالی، بھتہ خوروں، دہشت گردوں اور دیگر ملک دشمن عناصر سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان ملک کے دیگر سول اداروں کے ساتھ مل کر شاندار خدمات سر انجام دے رہے ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ آئی ایس آئی افواج پاکستان کا وہ شاندار اور باوقار حصہ ہے جس کو پوری قوم شاندار خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔،افواج پاکستان کے دیگر شعبوں کی طرح آئی ایس آئی بھی پاکستان کے دشمنوں کی آنکھوں میں خار بن کر کھٹکتی ہے لیکن یہ عجیب بات ہے کہ اس کے خلاف دشمن جتنا پروپیگنڈہ کرتے ہیں اتنا ہی اس سے محبت بڑھتی چلی جاتی ہے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ دشمن آئی ایس آئی کے شاندار کردار کی وجہ سے خوفزدہ ہے اور دشمن پر اس کا رعب ودبدبہ قائم ہے اس لیے وہ اس کا پیشہ ورانہ مقابلہ کرنے کے بجائے پروپیگنڈ ے کا سہارا لیتا ہے۔ افواج پاکستان اپنے ملک کے علاوہ دنیا کے متعدد ممالک میں امن کے قیام کے لیے بھی شاندار خدمات سر انجام دے چکی ہیں اور اب بھی دے رہی ہیں۔ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں ایک باعزت، باوقار عالمی مقام دلانے کے لیے پاک فوج جدو جہد کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس ملک کی حفاظت کرے، اللہ تعالیٰ افواج پاکستان کی مدد کرے اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت فرمائے تاکہ بھارتی دہشت گردوں ، جرائم پیشہ اور بھتہ خوروں کا خاتمہ کرنے کی جدوجہد میں شہید ہونے والے فوجیوں کو بلند مقام عطا فرمائے۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل مرحلے میں پاک افواج کی حمایت کی ہے۔ آج پوری قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔