عمران سے متعلق سوال پر تر جمان امریکی دفتر خارجہ خاموش

گرفتاری نے ثابت کیا انسدادِ دہشت گردی میں تعاون انتہائی اہم ، ٹیمی کی بریفنگ 
 واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )ا مریکی محکمہ خارجہ نے کابل ایئرپورٹ پر خودکش حملے میں فوجی اہلکاروں سمیت عام افغان شہریوں کو نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نیکہا ہے کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا کا مفاد مشترکہ ہے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان سے سوال کیا گیا ، کیا صدر آگاہ ہیں کہ پاکستان کے رہنما عمران خان گزشتہ تین سال سے جیل میں ہیں؟ ان پر بے شمار مظالم کیے گئے ہیں؟ کیا امریکی صدر ، پاکستان پر تھوڑی توجہ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟۔جس کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ہم ان (پاکستان) کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے شریف اللہ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں امریکا کے ساتھ تعاون کیا۔ شریف اللہ کی گرفتاری نے اس بات کو ثابت کیا کہ انسدادِ دہشت گردی میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ مزید معلومات کے خواہشمند افراد اس کے مقدمے کی تفصیلات کے لیے محکمہ انصاف سے رجوع کرسکتے ہیں۔اس کے بعد ترجمان نے اگلے صحافی کو سوال کی دعوت دے دی۔