چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے لیے امپائرز کے ناموں کا اعلان

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے لیے امپائرز کے ناموں کا اعلان

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس فائنل میچ میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے رنجن مدوگالے میچ ریفری ہوں گے، اور کمار دھرم سینا فورتھ امپائر کے طور پر ذمہ دار ہوں گے۔ اس کے علاوہ، معروف امپائرز پال ریفل اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز کے طور پر کام کریں گے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل پاکستان کی میزبانی میں ہونا تھا، لیکن انڈین ٹیم کی پاکستان نہ آنے کی ضد کی وجہ سے یہ میچ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہو رہا ہے۔ میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔

رچرڈ ایلنگ ورتھ، جو کہ 4 بار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر رہ چکے ہیں، اپنے کیریئر میں کئی بڑے میچز میں امپائرنگ کر چکے ہیں، جن میں ورلڈ کپ 2023 کا فائنل اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا فائنل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں ہونے والے سیمی فائنل میں بھی امپائرنگ کی تھی۔ پال ریفل بھی ایک تجربہ کار امپائر ہیں اور وہ لاہور میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں آن فیلڈ امپائر تھے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ اس طرح، فائنل میچ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔