ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: لندن کے واٹرلو برج پر کرکٹ کا میلہ

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: لندن کے واٹرلو برج پر کرکٹ کا میلہ

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل لندن کے مشہور واٹرلو برج کو ایک عارضی کرکٹ پچ میں تبدیل کر کے ایک منفرد اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں تمام ٹیموں کی کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق 12 ٹیموں کی کپتان خصوصی ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے واٹرلو برج پہنچیں، جہاں ان کے استقبال کے لیے ایک عارضی کرکٹ پچ اور فین زون تیار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے اسٹریٹ کرکٹ، تفریحی مقابلوں اور شائقین کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی۔تقریب کو “کپتانوں کا کارنیوال” قرار دیا گیا، جس میں شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پورے ماحول کو ثقافتی اور تفریحی رنگ دے کر ایک میلے کی شکل دے دی گئی، جس میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ انٹرایکٹو ایونٹس بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 12 جون کو برمنگھم میں میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ فائنل 5 جولائی کو لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، بنگلادیش، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔