اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں دونوں جانب سے میزائل اور جوابی حملوں کے دعوے سامنے آئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے ایک اور میزائل حملہ کیا گیا ہے، جس کا ہدف وسطی اور جنوبی اسرائیل کے علاقے تھے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں مغربی کنارے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کی نیواتم ایئر بیس اور تل نوف ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فوجی بیان کے مطابق یہ کارروائی ایران میں ریڈار مقامات پر مبینہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی گئی۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر یا تمام میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
تاہم حملوں کے بعد اردن کے بعض علاقوں میں سائرن بجنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے خطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اگر لبنان پر حملے جاری رکھتا ہے تو اس کے “مزید تباہ کن نتائج” سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدگی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور مختلف محاذوں پر حملوں کے باعث بڑھ رہی ہے۔خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے اور دونوں فریق ایک دوسرے پر مسلسل جوابی کارروائیوں کے دعوے کر رہے ہیں۔