لاہور(کرائم رپورٹر) شالیمار پولیس نے مکان دکھانے کے بہانے خاتون سے زیادتی کی کوشش میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم وحید خاتون کو کرائے کا مکان دکھانے کے بہانے خالد نامی شخص کے گھر لے گیا، جہاں دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے خاتون کو کمرے میں بند کر دیا اور زیادتی کی کوشش کی۔متاثرہ خاتون نے شور مچا کر اپنی جان بچائی اور موقع سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی شالیمار پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر دونوں ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔اس موقع پر ایس پی سول لائنز، چوہدری اثر علی نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔