لزبن(آئی این پی )لزبن سے لندن ہیتھرو جانے والی ایک پرواز کو اس وقت غیر متوقع طور پر راستہ تبدیل کرنا پڑا جب ایک گرائو نڈ اسٹاف اہلکار کی غفلت سے طیارے کے اگلے لینڈنگ گیئر پر ہیڈفونز پھنس گئے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق ٹی اے پی ایئر پرتگال کی پرواز TP2678 جب روانہ ہوئی تو کچھ دیر بعد طیارے کے پچھلے حصے میں مسافروں نے غیر معمولی جھٹکوں اور آوازوں کی شکایت کی۔ پائلٹ نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر فوری طور پر طیارے کو پرتگال کے شہر پورٹو کی طرف موڑ دیا، جہاں محفوظ لینڈنگ کی گئی۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ ایک گرائونڈ اسٹاف اہلکار نے طیارے کی دیکھ بھال کے دوران اپنے ہیڈفونز جہاز کے اگلے حصے سے ہٹا نہیں سکے تھے، جس کے باعث وہ ٹیک آف کے وقت پھنس گئے۔ ایئرلائن کے مطابق یہ اقدام احتیاطی طور پر کیا گیا اور کسی بھی مسافر کو خطرہ لاحق نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہو گئی اور لوگ اس پر حیرت اور مزاحیہ تبصرے کرتے رہے۔