میجر وجاہت وحید شہید فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک، لاہور میں نمازِ جنازہ ادا

لاہور (خصوصی رپورٹ) دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید کو ان کے آبائی شہر لاہور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیاگیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ بحریہ ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد قومی پرچم میں لپٹے میجر وجاہت وحید شہید کے جسدِ خاکی کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔نمازِ جنازہ میں گورنر پنجاب، کور کمانڈر لاہور، سینئر صوبائی وزراء￿ ، سول و ملٹری افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء￿  نے شہید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔میجر وجاہت وحید شہید نے 18 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے پسنی، ضلع گوادر میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ شہید نے دفاعِ وطن کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔میجر وجاہت وحید شہید کے پسماندگان میں ان کی والدہ، بیوہ اور ایک معصوم بیٹی شامل ہیں۔ ان کی شہادت سے اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ ان کی قربانی کو قومی سطح پر خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔شہداء کی قربانیاں ملک کے دفاع، سلامتی اور امن کے لیے مسلح افواج کے عزم کی علامت ہیں۔ میجر وجاہت وحید شہید کی وطن کے لیے قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔