ممبئی(نیٹ نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر محمد شامی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، الیکشن کمیشن نے محمد شامی اور ان کے بھائی کرکٹر محمد کیف کو اسپیشل انٹینسیو ریویو (ایس آئی آر) کے لیے طلب کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کلکتہ کے جاداو پور علاقے کے کارتجو نگر اسکول سے پیر کو نوٹس جاری کیے گئے، کرکٹر کو اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے سامنے حاضر ہونے کا حکم دیا گیا۔حکام کے مطابق شامی کو پیر کو جادو پور کے ایک اسکول میں ان کے بھائی محمد کیف کے ساتھ سماعت کے لیے طلب کیا گیا تھا، مگر وہ وجے ہزارے ٹرافی میں ہونے کے باعث پیش نہ ہوسکے تھے۔شامی نے الیکشن کمیشن سے نئی تاریخوں کی درخواست کی تھی اور اس کے مطابق ان کی سماعت 9 اور 11 جنوری کے درمیان دوبارہ طے کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق فاسٹ بولر کلکتہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ 93 کے ووٹر ہیں جو کہ راش بہاری حلقہ کا حصہ ہے۔ مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر کے ایک اہلکار نے کہا کرکٹر اور ان کے بھائی نے فارم غلط بھرا تھا جس کی وجہ سے انہیں سماعت کے لیے بلایا گیا تھا۔شامی اپنے کرکٹ کیریئر کے باعث برسوں سے کلکتہ میں مقیم ہیں۔ وہ چھوٹی عمر میں کلکتہ منتقل ہوگئے تھے، بعد میں وہ بنگال کے سابق رنجی کپتان سمبرن بندیوپادھیائے کی رہنمائی میں آئے اور ریاست کی انڈر 22 ٹیم میں جگہ حاصل کی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شامی اور ان کے بھائی کے نام گنتی کے فارم میں مسائل کی وجہ سے سماعت کی فہرست میں شامل ہوئے۔ یہ مسائل پروجنی میپنگ اور سیلف میپنگ کی غلطیوں سے متعلق ہیں۔