ترکیہ کے 103ویں یومِ جمہوریہ پر مبارکباد ، یہ دن ترک عوام کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے:وفاقی وزیر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ترکیہ کے 103ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، برادرانہ محبت اور باہمی اعتماد کی لازوال داستان ہیں، جن پر دونوں اقوام کو ہمیشہ فخر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے عوام ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور یہ دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ترکیہ کے یومِ جمہوریہ پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ یہ دن ترک عوام کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، جو عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کے قیام اور ترک قوم کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہبی وابستگی اور باہمی احترام پر مبنی ایک مضبوط رشتہ ہے۔ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں ترک بھائیوں کی جانب سے پاکستان کے لیے تعاون اور مدد کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تزویراتی اور دفاعی شراکت داری دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی تعاون سے متعلق اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت میں ترکیہ نے معاشی ترقی، عسکری صلاحیتوں اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جو پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مواصلات، تجارت اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع میسر آسکیں۔وفاقی وزیر مواصلات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور دونوں برادر ممالک کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔