پنجاب حکومت کا پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

نادہندگان کی جائیداد پر قبضہ اور سربمہری سمیت دیگر اقدامات جلد شروع کیے جائیں گے
لاہور(زیڈ این این)پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق نادہندگان کی جائیداد پر قبضہ کرنے اور سربمہری کی کارروائیاں جلد شروع کی جائیں گی۔مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں صوبے بھر میں 50 فیصد پراپرٹی مالکان نے ٹیکس ادا کر دیا ہے، جبکہ باقی 50 فیصد نادہندگان کو حتمی نوٹسز بھیجنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے پراپرٹی ٹیکس کے 30 ارب روپے کے ہدف میں سے 8 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جبکہ پورے صوبے سے 18 ارب روپے جمع ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پہلی بار چار ماہ کے لیے 5 فیصد رعایت دی گئی تھی، لیکن رعایت کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی جی ایکسائز نے مزید بتایا کہ سربمہری اور جائیداد قرقی کے علاوہ ہر ماہ 10 فیصد جرمانہ بھی بڑھایا جائے گا۔