رہا ہونے والوں کی تعداد 547 ہو گئی ، 300 کارکنوں کی ضمانتوں پر سماعت آج ہو گی
250 کارکنوں کی ضمانتوں پر فیصلہ جج ابولحسنات ذولقرنین کی چھٹی کے باعث کل ہو گا
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ ) 26 نومبر احتجاج کے مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کے مزید 313 کارکن ضمانتوں پر رہا کر دیا گیا۔ رہا ہونے والوں کی کل تعداد 547 ہو گئی۔ 300 سے زائد کارکنوں کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کا آغاز آج راولپنڈی اور اسلام آباد کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالتوں میں ہو گا۔اسلام آباد میں انصاف لائرز فورم کی لیگل ٹیم کے وکلاء آمنہ علی ایڈووکیٹ انصر کیانی ایڈووکیٹ سردار مصروف ایڈووکیٹ کی جانب سے اسلام آباد کی انسداد دہشتگری کی عدالت میں ضمانتیں کی درخواستوں پر دو جنوری کو ضمانت کی رہائی کا حکم جاری ہوا تھا۔ان گرفتار ملزموں کی روبکار اڈیالہ جیل اور پھر اٹک اور جہلم جیل پہنچنے اور قانونی عمل مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز 313 کارکن رہا کر دیئے گئے۔ تحریک انصاف لائرز فورم کی مرکزی راہنما آمنہ علی ایڈووکیٹ کے مطابق اسلام آباد دہشت گردی عدالت میں 250 سے زائد کارکنوں کی ضمانتوں پر منگل کو فیصلہ ہونا تھا لیکن عدالت کے جج ابولحسنات ذولقرنین کی چھٹی کے باعث سماعت 9 جنوری کیلئے مقرر کی گئی۔ جبکہ راولپنڈی سے قیصر عباس ایڈووکیٹ کے مطابق انسداد دہشتگری کی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی رخصت کے باعث گذشتہ دو دنوں کی کاز لسٹ کو منسوخ کرکے نئی تاریخوں کا اجرا کر دیا گیا۔ جس کے مطابق آج 8 جنوری سے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کا آغاز ہو گا۔80 سے زائد ملزموں کی درخواست ضمانت پر عدالت کی جانب سے رواں اور آئندہ ہفتہ کی مختلف تاریخیں دے رکھی ہیں۔ دریں اثنا جیل ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں میں کل 547 کارکنوں کی راولپنڈی اٹک اور جہلم کی جیلوں سے رہا کیا گیا۔