لبرل پارٹی کے سربراہ نئے وزیراعظم کے انتخاب تک عہدے پر رہیں گے ،انیتا آنند امیدوارو ں میں سرفہرست
اوٹاو(آئی این پی ) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے لبرل پارٹی کے سربراہ اور وزیر اعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے کااعلان کردیا ہے تاہم وہ نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک عہدے پر رہیں گے۔ یہ فیصلہ ان کی اپنی پارٹی کے اندر سے کئی مہینوں کے دبا کے بعد سامنے آیا، جس میں بہت سے لوگ ان کے استعفی کا مطالبہ کر رہے تھے۔جسٹن ٹروڈو کے مطابق کینیڈین پارلیمنٹ 24مارچ تک اس وقت تک معطل رہے گی جب تک کہ لبرل پارٹی کے نئے رہنما کا انتخاب نہیں ہوجاتا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو کے بعد کینیڈا کا وزیراعظم کون بنے گا۔ اس حوالے سے مختلف ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور اندرونی تجارت کی وزیر اور ہندوستانی نژاد انیتا آنند جو تجارتی معاہدوں پر اپنے کام کے لیے مشہور ہیں، کینیڈا کی وزیر اعظم بننے کے لیے ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ انیتا آنند ایک کینیڈین سیاست دان ہیں جو لبرل پارٹی کی رکن کے طور پر پارلیمنٹ میں اوک ویل حلقے کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ وزیر ٹرانسپورٹ اور اندرونی تجارت، وزیر قومی دفاع، اور ٹریژری بورڈ کی صدر بھی رہ چکی ہیں۔ انیتا آنند بھارتی والدین کی بیٹی ہیں، ان کے والد اینڈی بھارت میں جنرل سرجن تھے جبکہ والدہ سروش اینستھیزولوجسٹ تھیں۔