لاہور(کرائم رپورٹر)میانوالی میں چوکی قدرت اللہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے شہدا کی 17ویں برسی کے موقع پر ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب را ئو عبدالکریم نے شہدائے پولیس اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ عظیم سپوت قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 2009 میں آج ہی کے دن چوکی قدرت اللہ پر ہونے والے خودکش حملے میں پنجاب پولیس کے 6 افسران و اہلکار شہید ہوئے تھے۔ شہدا میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور چار کانسٹیبلز شامل تھے۔شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی شیر خان، ہیڈ کانسٹیبل ظفر اقبال، کانسٹیبل غلام عباس، کانسٹیبل یاسر عرفات، کانسٹیبل محمد الیاس اور کانسٹیبل بہادر خان شامل ہیں جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی جی پنجاب را ئو عبدالکریم نے اپنے پیغام میں کہا کہ چوکی قدرت اللہ حملے کے شہدا پولیس کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس 1700 سے زائد شہدا کی امین ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کا ہر سپاہی فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ شہداء پولیس کے اہلِ خانہ کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے