امریکی مداخلت بالآخر بے سود ثابت ہو گی: چین

چین نے کبھی پاناما کینال کے انتظام اور آپریشن میں حصہ نہیں لیا، تر جمان وزارت خارجہ
    بیجنگ(یواین پی)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے جا ری کردہ جھوٹے ریمارکس سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصب سے بھرپور  ہیں۔یہ چین کے خلاف بے بنیاد الزامات ہیں اور جان بوجھ کر چین اور متعلقہ لاطینی امریکی ممالک کے تعلقات میں خلل پیدا کرنے کی کوشش ہے۔جمعہ کے روز ترجمان نے کہا کہ چین اور لاطینی امریکا کے ٹھوس تعاون میں کوئی شرائط نہیں ہیں، کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور اس سے متعلقہ ممالک اور عوام کے لیے فائدہ اور خوشحالی پیدا کی گئی ہے۔ چین اور لاطینی امریکا کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کا رجحان ناقابل واپسی ہے۔ چین نے کبھی پاناما کینال کے انتظام اور آپریشن میں حصہ نہیں لیا اور  کینال کے معاملات میں چین کا نام نہاد کنٹرول ایک من گھڑت جھوٹ ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون نے 150 سے زائد ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچایا ہے اور ترقی پذیر ممالک کی مشترکہ ترقی کو موثر طریقے سے فروغ دیا ہے۔ چین امریکا کی جانب سے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو بدنام کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔