وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی بے مثال ہے اور وقت کے ساتھ یہ تعلق مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے چائنہ چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب "پاکستان میں فلڈ ڈیزاسٹر 2025 کے لیے عطیات" میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین پاکستان کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان بھی چین کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے چین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے عوامی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان روابط کی بدولت چین کی ثقافت پاکستان میں پروان چڑھ رہی ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، لیکن پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دس ممالک میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی پاکستان کسی قدرتی آفت یا مشکل صورتحال کا سامنا کرتا ہے، چین ہمیشہ تعاون کے لیے آگے آتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں اور یہ تعلق ہر چیلنج کے باوجود مضبوطی سے قائم ہے۔