شہید کانسٹیبل اجے رام کے اہلخانہ کو 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کا گھر دے دیا
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلخانہ کو رہائش کی فراہمی کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل اجے رام کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر فراہم کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہید کے اہلخانہ کی پسند کے مطابق رحیم یار خان کی ایک نجی ہا ئوسنگ سوسائٹی میں یہ گھر خرید کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کو گھر کی فراہمی کے لیے فنڈز جاری کیے۔ یاد رہے کہ شہید کانسٹیبل اجے رام نے 2024ء -04 میں کچہ کے علاقے میں ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔ شہید کانسٹیبل اجے رام کے اہلخانہ میں اہلیہ اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل اجے رام کی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل اجے رام نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس، شہید کانسٹیبل اجے رام جیسے 1700 سے زائد شہداء کی امین فورس ہے۔ شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔