بغیر ڈرائیونگ لا ئسنس ڈرائیونگ موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کی گفتگو
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی قسم کی بلیک میلنگ قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ کرنا موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے خبردار کیا کہ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ دراصل "لائسنس ٹو کل" ہے جو دنیا کا کوئی ملک کسی کو نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا مقصد یہ نہیں ہو سکتا کہ سکول وینز الٹتی رہیں، معصوم بچے مرتے رہیں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ ایسے رویے کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ والدین مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس نظام کو بدلا جائے، لہٰذا عوامی اور جانی اہمیت کے اس مسئلے پر لیے گئے مثبت اقدام کی حمایت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور یہ فرض کسی دبائو یا ہڑتال کے باوجود ادا کیا جاتا رہے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مہلت دے رہے ہیں لیکن اگر گاڑی بند رکھیں گے تو سڑک پر آنے بھی نہیں دیں گے اور ضبط کر لی جائے گی۔ یہ لوگوں اور بچوں کی جانوں کا معاملہ ہے، اس لیے ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانون پر عمل درآمد کے سوا کوئی آپشن نہیں، زیرو ٹالرنس پالیسی مسلسل جاری رہے گی۔