دفتری اوقات کے بعد دفتر کی فون کال اور ای میل نظر انداز کرنے کا حق دینے کا بل پیش

نئی دہلی(آئی این پی ) بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں دفتری اوقات کے بعد دفتر کی فون کال اور ای میل نظر انداز کرنے کا حق دینے کا بل پیش کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوک سبھا میں رکن اسمبلی سپریا سولے نے رائٹ ٹو ڈس کنیکٹ بل پیش کیا ۔ پرائیوٹ ممبر بل میں کہا گیا کہ یہ ہر ملازم کا حق ہونا چاہیے کہ وہ دفتری اوقات کے بعد نہ ہی دفتر کی فون کال اور نہ ہی ای میل ریسیو کرے ۔ خواتین کو مخصوص ماہانہ ایام میں دفتر کے اندر ہائی جین سہولتیں دینے اور ان ایام کی پیڈ لیو دینے کا بل بھی پیش کیا گیا ۔ اس کے علاوہ بھارت میں سزائے موت کے خاتمے اور صحافیوں کے تحفظ کے بل بھی پیش کیے گئے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا میں ملازمین کو دفتر میں کام کے بعد 'ڈس کنیکٹ' ہونے کا حق دیا گیا تھا۔