لائیو نشریات کے دوران ٹی وی اینکر کو نیند آگئی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لائیو نشریات کے دوران ٹی وی اینکر کو نیند آگئی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس سے تعلق رکھنے والی ٹی وی اینکر ڈومینک ڈیلن اس وقت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں جب وہ لائیو نشریات کے دوران چند لمحوں کے لیے سو گئیں۔

ڈومینک ڈیلن فاکس 13 کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ میمفس‘ کی اینکر ہیں۔ 29 جولائی کو پروگرام کی لائیو نشریات کے دوران وہ کیمرے کے سامنے بیٹھی تھیں کہ چند لمحوں کے لیے ان کی آنکھیں بند ہوگئیں اور انہیں احساس بھی نہ ہوا کہ وہ سو چکی ہیں۔جب ڈومینک نے آنکھیں کھولیں تو انہیں اندازہ ہوا کہ کیمرہ پہلے ہی دوسرے شاٹ پر منتقل ہوچکا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شدید شرمندہ ہوگئی تھیں اور انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ کسی ڈراؤنے خواب سے گزر رہی ہوں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹوڈیو میں موجود پروڈیوسرز کو بھی ابتدا میں اندازہ نہیں ہوا کہ اینکر سو گئی ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ ڈومینک اپنے ٹیبلٹ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جہاں کچھ صارفین نے اس پر تبصرہ کیا، وہیں بیشتر افراد نے ڈومینک پر تنقید کرنے کے بجائے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔شدید تھکن کی اصل وجہ کیا تھی؟ڈومینک ڈیلن دو بچوں کی ماں ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی دو سال جبکہ چھوٹی بیٹی صرف آٹھ ماہ کی ہے۔ واقعے سے ایک رات قبل ان کے شوہر ڈبل شفٹ پر تھے، جس کے باعث بچوں کی دیکھ بھال کی مکمل ذمہ داری ڈومینک پر تھی۔

اینکر کے مطابق انہوں نے رات تقریباً 8 بجے بچوں کو سلانے کی کوشش کی، تاہم آٹھ ماہ کی بیٹی دانت نکلنے کی تکلیف کے باعث سو نہیں رہی تھی۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بچی رات ساڑھے 10 سے 11 بجے کے درمیان سو سکی۔ڈومینک نے بتایا کہ اس کے بعد انہیں کام پر جانے سے پہلے صرف چند گھنٹے آرام کا موقع ملا۔ وہ عام طور پر رات ڈیڑھ بجے اٹھتی ہیں تاکہ صبح سویرے شروع ہونے والی اپنی ڈیوٹی کی تیاری کرسکیں۔ان کے مطابق یہی شدید تھکن لائیو پروگرام کے دوران چند لمحوں کی نیند کا سبب بنی۔فاکس 13 نے بھی اپنی اینکر کا دفاع کرتے ہوئے اس واقعے کو ’پاور نیپ‘ قرار دیا اور کہا کہ ڈومینک کی کہانی اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ نئی ماؤں کے لیے ملازمت اور بچوں کی پرورش کے درمیان توازن قائم کرنا کس قدر مشکل ہوسکتا ہے۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے بھی ڈومینک کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک محنتی ورکنگ مدر قرار دیا۔