ناقص کارکردگی پر افسران کے خلاف ایکشن

چار انچارجز کو سنشور، تیرہ کو شوکاز نوٹس، مقدمات میں غفلت برداشت نہیں : ذیشان رضا
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے زیرِ تفتیش سنگین مقدمات، پینڈنگ روڈز، اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں اور تھانوں کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال، ڈی ایس پیز اور مختلف تھانوں کے انچارج انویسٹی گیشنز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی نے مقدمات کے حوالے سے مدعیان کو فیڈ بیک نہ دینے اور رابطہ نہ رکھنے پر تھانہ ڈیفنس بی، فیکٹری ایریا، جنوبی چھا ئونی اور سرور روڈ کے چار انچارج انویسٹی گیشنز کو سنشور کی سزا دی، جبکہ ناقص کارکردگی پر ڈیفنس اے، ڈیفنس بی، فیکٹری ایریا، جنوبی چھا ئونی، سرور روڈ، مصطفیٰ آباد، غازی آباد، باغبانپورہ، برکی، ہئیر، ڈیفنس سی، ہڈیارہ اور نارتھ کینٹ کے انچارج انویسٹی گیشنز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ہدایت کی کہ خواتین سے زیادتی، تشدد اور ہراسگی کے مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے، بیرون ملک فرار ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے، فنانشل کرائم کے مقدمات جلد یکسو کرنے، مضبوط چالان تیار کرنے اور پراسیکیوشن برانچ سے م ئوثر رابطہ یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو میرٹ پر انصاف کی فراہمی اور شفاف تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کی اولین ترجیح ہے۔