18ماہ کی بچی کے قتل پر شوبز شخصیات کا شدید غم و غصہ، فوری انصاف کا مطالبہ

 دوستوں، پڑوسیوں یا گھریلو ملازمین پر بچوں کے حوالے سے اندھا اعتماد نہ کریں:فریحہ،عدنان،عائشہ عمر
کراچی (شوبز ڈیسک)کراچی کے علاقے قیوم آباد میں 18 ماہ کی بچی کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے افسوسناک واقعے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔فریحہ الطاف، عدنان صدیقی، عائشہ عمر‘ ثنا بلوچ سمیت کئی معروف شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں اس سانحے پر دکھ کا اظہار کیا اور بچوں کے تحفظ کے لیے زیادہ احتیاط اور آگاہی پر زور دیا۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ دوستوں، پڑوسیوں یا گھریلو ملازمین پر بچوں کے حوالے سے اندھا اعتماد نہ کریں، اور اگر کوئی بچہ نامناسب رویے یا چھونے کی شکایت کرے تو اس کی بات پر یقین کریں کیونکہ بچے جھوٹ نہیں بولتے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے بچی کے لیے فوری اور بلاامتیاز انصاف کا مطالبہ کیا۔اس واقعے پر ایمن خان، مریم نفیس، احسن خان، صرحا اصغر، ژالے سرحدی اور عائشہ عمر سمیت کئی دیگر شوبز شخصیات نے بھی غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔