نئے جہازوں کی خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ بھی نجکاری پلان کا حصہ ہے
قوی امید ہے پی آئی اے کا ہوائی روٹ جلد امریکہ کیلئے بھی کھول دیا جائے گا:نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے نجکاری کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت اکتوبر میں پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے نجکاری کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پی آئی اے میں دلچسپی لینے والی چار کمپنیاں مالی، قانونی سمیت دیگر معاملات کی جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں سہولت فراہم کرتے ہوئے 200 ارب کے قرضوں کو کم کر کے 150 ارب روپے کر دیا۔فاروق ستار نے کہا کہ پی آئی اے کے نئے جہازوں کی خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ بھی نجکاری پلان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوی امید ہے پی آئی اے کا ہوائی روٹ جلد امریکا کیلئے بھی کھول دیا جائے گا، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ریزرو پرائس کو خفیہ رکھا جائیگا اور ایک دن قبل کابینہ سے منظوری لی جائے گی