کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی سستی ہوگی‘کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا ‘یپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کافیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا
اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا )نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی، کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر ہے کہ نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 1.89 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کافیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قیمت میں کمی اپریل تا جون2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظور کی گئی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر اور اگست تا اکتوبر 2025 کے لیے ہوگا۔نیپرا کے فیصلے کے مطابق بجلی صارفین کو کمی کا 55 ارب87 کروڑ 40لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔