عمران ،بشری ٰ ملاقات ،باقی کوئی نہ مل سکا،تصادم ،گرفتاریاں

ماربل فیکٹری ناکہ پر پتھرا ئواورلاٹھی چارج سے کئی کارکن اورپولیس اہلکار زخمی 
 رات گئے علیمہ خان دھرناختم کرکے روانہ ،ملاقات نہ کراناافسوسناک:بیرسٹرگوہر
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) عمران خان اورانکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کرا دی گئی ، دونوں نے ایک دوسرے کا احوال دریافت کیا جبکہ کسی پارٹی لیڈر اورفیملی ممبر کو ملاقات کی اجازت نہ ملی،جس پر ماربل فیکٹری ناکہ پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا،اس دوران پتھرا ئواورلاٹھی چارج سے تحریک انصاف کے کئی کارکن اور متعدد پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے اور50سے زائد کارکنوں کوگرفتارکرلیاگیا، رات گئے مذاکرات کامیاب ہونے پر علیمہ خان و دیگر بہنیں دھرنا ختم کر کے کارکنوں کے ہمراہ واپس روانہ ہوگئیں۔ بانی سے ملاقات کے لئے تینوں بہنیں اڈیالہ روڈ کے راستے ماربل فیکٹری ناکے پہنچیں،جہاں پولیس نے پہلے سے کنٹینر کھڑے کرکے ناکہ بندی قائم کر رکھی تھی،بانی کی بہنوں کو ماربل فیکٹری ناکہ پر روک لیا گیا اور جیل کی جانب جانے کی اجازت نہ دی گئی،انکے ہمراہ ترجمان کے پی حکومت شفیع جان،ایم این اے شاہد خٹک،ممبر کی پی اسمبلی مینا خان آفریدی بھی موجود تھے۔ادھر اڈیالہ روڈ ماربل فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی سے ملاقات نہ کروانا افسوسناک ہے، ہم تحریک چلائیں گے، احتجاج کرینگے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔ چاہتے ہیں موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان بہترین کردار ادا کرے لیکن ہمیں بتائیں تو صحیح کیا مذاکرات ہو رہے ہیں اور کیا رول ہے ؟ ہمیں ایک انچ کی سپیس نہیں مل رہی، اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ بانی اور عوام کے درمیان تفرقہ ڈال دیں گے تو یہ آپ کی بھول ہے، برائے مہربانی ملک پر رحم کریں۔کل ہمیں حکومت جہاں روکے گی ہم وہیں جلسہ کریں گے جبکہ پی ٹی آئی رہنما شفیع جان نے کہاکہ ہر عہدیدار کو اڈیالہ جیل پہنچنا چا ہئے ،اگر کوئی نہیں پہنچتا تو اسکو سبکدوش ہونا چا ہئے ،عدالتی حکم کے باوجود بانی سے ملاقاتیں نہ کرانے پر پر پر امن دھرنا دینا ہمارا حق ہے۔