سروس سٹیشنوں پر پانی کا ضیاع

 360 ری سائیکلنگ پلانٹ بند ، روزانہ چیکنگ،کارروائی کی جائیگی،پہلی دفعہ 20 ہزار چالان، :ایم ڈی 
لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر میں سروس سٹیشنوں پر پانی کا بے دریغ استعمال ہونے لگا،واسا پانی کا ضیاع روکنے میں ناکام ہو گیا، 360 ری سائیکلنگ پلانٹ بند کر دئیے گئے، صوبائی دارالحکومت میں 455 رجسٹرڈ سروس سٹیشنز بار بار احکامات کے باوجود واسا کی ترجیحات سے باہر ہیں۔تفصیل کے مطابق جوڈیشنل کمیشن کے حکم پر شہر میں 400 سروس سٹیشنز پر ری سائیکلنگ پلانٹ لگائے گئے لیکن ان کی چیکنگ کے معاملے پر واسا نے مبینہ سستی کا مظاہرہ کیا، پلانٹس موجود مگر بند ہیں۔ واسا انتظامیہ کی جانب سے سروس سٹیشنز ری سائیکلنگ پلانٹس کی مانیٹرنگ بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سروے کے مطابق 360 سروس سٹیشن پر ری سائیکلنگ پلانٹ بند ہیں۔ واسا کا شعبہ ریونیو اور او اینڈ ایم چیکنگ نہ کرسکا،مانیٹرنگ نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر سروس سٹیشنز انتظامیہ نے ازخود پلانٹس بند کئے ہیں ،گاڑیاں دھونے کیلئے استعمال ہونے والیپانی کو دریا برد کیا جانے لگا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ کریک ڈا ئون کا آغاز کر دیا گیا ، روزانہ سروس سٹیشنز کی چیکنگ اور کارروائی کی جائے گی،پہلی دفعہ 20 ہزار چالان، دوسری مرتبہ سٹیشن سیل اور ایف آئی آر کر ائیں گے۔