پاک فوج نے کوہ پیما سید علی شاہ کے جسدِ خاکی کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، جس کے بعد میت سوات منتقل کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے دشوار گزار اور برف پوش علاقے میں تقریباً 5 ہزار 200 میٹر کی بلندی پر کوہ پیما سید علی شاہ کے جسدِ خاکی کی نشاندہی کی۔سید علی شاہ جولائی 2026 میں کالام ویلی میں واقع فلک سر چوٹی پر گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث پیش آنے والے حادثے کا شکار ہوئے تھے۔پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے شدید برف پوش اور دشوار گزار علاقے کے باوجود انتہائی مشکل آپریشن مکمل کیا۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوہ پیما کی میت 6 ستمبر کو سوات منتقل کردی گئی۔سید علی شاہ کے بھائی سید عبداللہ شاہ نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل اور کٹھن آپریشن میں بھرپور تعاون پر فوج کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ میت کی تلاش کے لیے مسلسل محنت کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کے بھی خصوصی طور پر شکرگزار ہیں۔