ملاکنڈ، ٹرک اور گاڑی میں تصادم،2 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

پشاور(خصوصی رپورٹ )خیبرپختونخوا کے ضلع ملاکنڈ کے علاقے سخاکوٹ میں ٹرک اور گاڑی میں خوفناک تصادم میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے ۔لیویز کے مطابق افسوسناک حادثہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا،باجوڑ جانے والی گاڑی کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے باعث گاڑی میں سواردو نوجوان شایان اور احتشام موقع پرجاں بحق ہوگئے،جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طورپرجائے وقوعہ پر پہنچیں اورزخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعدتحصیل ہیڈکوارٹراسپتال درگئی منتقل کردیا، اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔لیویز کے مطابق ابتدائی طور پرحادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جارہی ہے تاہم حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔