ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی دوسری آن لائن کچہری 14 ہزار شہری شریک ہوئے، مسائل بتائے ،تجاویز بھی دیں
شہری کرپشن میں ملوث پولیس اہلکاروں یا عناصر کی نشاندہی کریں، گھریلو ملازمین کا اندراج لازمی کروائے: گفتگو
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دوسری آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ دوسری آن لائن کھلی کچہری میں 14 ہزار شہری شریک ہوئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فیس بک کے ذریعے شہریوں کے مسائل اور تجاویز سنیں۔گزشتہ آن لائن کھلی کچہری میں موصول تجاویز پر ہونے والی پیش رفت سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی نشاندہی پر لاہور کے انڈر پاسز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر کام شروع کر دیا گیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ انڈر پاسز کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔سی سی ٹی وی کیمروں سے انڈر پاسز کی نگرانی اور جرائم کی روک تھام مزید م ئوثر بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔شہری کرپشن میں ملوث پولیس اہلکاروں یا عناصر کی نشاندہی کریں۔ فیصل کامران نے کہا کہ تھانوں میں نصب کیمروں کے ساتھ وائس ریکارڈنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔تھانے میں آنے والے شہری اور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی ریکارڈ کی جا سکے گی۔ویڈیو اور وائس ریکارڈنگ کے ذریعے تھانوں میں پولیس عمل اور شہریوں سے رابطے کی م ئوثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہری گھریلو ملازمین رکھنے سے قبل تھانوں یا خدمت مراکز میں ان کا اندراج ضرور کروائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ملازم کا پولیس ریکارڈ چیک کرانے سے شہریوں کو جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رہنے میں مدد مل سکتی ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہری سود خوروں اور فراڈ عناصر کے چنگل میں پھنسنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی تجاویز پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آن لائن کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رہے گا۔