صلح کی کوشش اور معاملہ ختم کرنے کیلئے بلیک میل کیا گیا‘ مومنہ اقبال

 بعض بااثر شخصیات نے مجھے فون کر کے رقم کی پیشکش بھی کی، تاہم ثاقب چدھڑ کی جانب سے مجھے یا میرے شوہر کو کسی قسم کی رقم نہیں دی گئی
لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ(ن)کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ سے متعلق جاری تنازع پر ایک بار پھر کھل کر گفتگو کی ہے۔مومنہ اقبال نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ثاقب چدھڑ کی جانب سے صلح کی پیشکش کیے جانے اور مالی معاملات سے متعلق دعوں پر اپنا موقف بیان کیا۔اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے صلح کے لیے بہت کوشش کی، ہمیں دبائو میں لایا گیا اور بلیک میل کیا گیا کہ معاملہ ختم کردیں۔مومنہ اقبال نے کہا کہ حکومت میں موجود بعض بااثر شخصیات نے مجھے فون کر کے رقم کی پیشکش بھی کی، تاہم ثاقب چدھڑ کی جانب سے مجھے یا میرے شوہر کو کسی قسم کی رقم نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے یہ دعوی کیا گیا کہ میں نے خاموشی اختیار کرنے کے لیے رقم لی، تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا، صلح کے لیے میری واحد شرط یہ تھی کہ ثاقب چدھڑ عوام کے سامنے سچ بیان کریں۔اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں ثاقب چدھڑ نے معذرت پر مبنی ویڈیو جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور مجھ سے عدالت میں بیان نہ دینے کی درخواست کی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے مبینہ طور پر یہ موقف اختیار کیا کہ معاملہ عوام کے سامنے آنے سے دونوں کی بدنامی ہوگی۔مومنہ اقبال کے مطابق ہمارے درمیان کسی رقم کے عوض صلح کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔