ازسر نو سرحدیں تبدیل اورصوبے توڑنے کی بات سے متفق نہیں ہوں، میڈیا سے گفتگو
ٹیکسلا (آئی این پی) وفاقی وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس پر سیاسی جماعتیں سنجیدہ مشاورت کریں، حتمی فیصلہ عوامی مفاد میں ہونا چاہیے، ازسر نو سرحدیں تبدیل کرنے اورصوبے توڑنے کی بات سے متفق نہیں ہوں ، ڈویژن اور ضلعی سطح پر انتظامی یونٹس پہلے ہی موجود ہیں،موثر گورنس کے نظام کو بہتر بنانے اور ان میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے حوالے سے اسکی حمائت کرتا ہوں ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز پر تمام سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی سے غور اور باہمی مشاورت کرنی چاہیے، اس معاملے کے فوائد اور ممکنہ نقصانات کا جائزہ لے کر ایسا فیصلہ کیا جائے جو ملک اور عوام کے بہترین مفاد میں ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی ڈھانچے میں کسی بھی تبدیلی کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سہولیات اور مؤثر گورننس فراہم کرنا ہونا چاہیے۔