احسن اقبال کا صوبوں بارے بیان ذاتی رائے ،مسلم لیگ ن نے بطور جماعت ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا، گفتگوصرف سیمینارز، فورمز اور میڈیا کی بحث تک محدود ، اصل اور آئینی فورم پارلیمنٹ ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹررانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ احسن اقبال کا صوبوں کے حوالے سے بیان ان کی ذاتی رائے ہے مسلم لیگ ن نے بطور جماعت ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ فیصلہ یا موقف اختیار نہیں کیا،نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ کریگی،اس حوالے سے گفتگو فی الحال صرف سیمینارز، فورمز اور میڈیا کی بحث تک محدود ہے جبکہ اس کا اصل اور آئینی فورم پارلیمنٹ ہے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ابھی تک نئے صوبوں کے حوالے سے نہ کوئی قرارداد سامنے آئی ہے نہ کوئی بل پیش ہوا ہے اور نہ ہی اس معاملے پر کوئی باقاعدہ بحث جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں اور کابینہ کی سطح پر بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ رائے سامنے نہیں آئی لہذا جب تک متعلقہ آئینی فورم پر معاملہ نہیں آتا یہ تمام باتیں محض بحث برائے بحث ہی رہیں گی۔ انکاکہنا تھا کہ اوپن ڈسکشن کے بعد اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا اور پھر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں صوبوں کے معاملے پر کی جانے والی تقاریر کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کوئی ٹھوس اور باقاعدہ تجویز سامنے نہیں آتی ایسی تقاریر کی ضرورت نہیں، سوائے اس کے کہ میڈیا میں بحث کو ہوا دی جائے