عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، قیمتوں میں اضافہ جاری

عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، قیمتوں میں اضافہ جاری

عالمی منڈی میں بدھ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ سرمایہ کار خلیجِ میکسیکو میں بننے والے سمندری طوفان، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے سے خام تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.05 ڈالر، یعنی 1.04 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 101.63 ڈالر ہوگئی۔امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 80 سینٹ، یعنی 0.89 فیصد اضافے کے بعد 90.24 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ میکسیکو میں بننے والا سمندری طوفان آئندہ دو روز کے دوران 2026 کا پہلا اٹلانٹک ہریکین بن سکتا ہے۔ ممکنہ طور پر طوفان کے باعث امریکی تیل اور گیس کی تنصیبات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔طوفان کی ممکنہ گزرگاہ میں واقع آف شور تنصیبات امریکا کی مجموعی خام تیل پیداوار کا تقریباً 15 فیصد جبکہ قدرتی گیس کی پیداوار کا 5 فیصد فراہم کرتی ہیں، جس کے باعث سرمایہ کار سپلائی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی عالمی تیل مارکیٹ کے لیے اہم بنی ہوئی ہے۔ سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سے تیل کی ترسیل 5.8 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔وٹول کے سربراہ کے مطابق گزشتہ 7 سے 10 روز کے دوران مشرقِ وسطیٰ سے تقریباً 12 ملین بیرل یومیہ خام تیل اور 2 ملین بیرل یومیہ ریفائن شدہ مصنوعات ٹینکروں کے ذریعے برآمد کی گئی ہیں۔ سرمایہ کار خطے میں جاری صورتحال اور عالمی سپلائی پر اس کے ممکنہ اثرات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔