سکول جانے سے بیٹی کی سوشل سکلز میں اضافہ ہورہا ہے:صبور علی

 بچے کا بچپن انتہائی اہم ہے اسے یوں خراب نہ کریں،سوشل میڈیا صارفین
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ صبور علی نے اپنی ڈیڑھ سال کی بیٹی کو اسکول بھیجنے کی وجہ بتادی۔ ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ڈیڑھ سال کی بیٹی سیرینا کو پری سکول میں داخلہ کروایا ہے جہاں فی الحال وہ 15سے 20منٹ کے لیے جاتی ہے، کھیلتی ہے اور واپس آجاتی ہے اس سے ہماری بیٹی کی سوشل سکلز میں اضافہ ہورہا ہے۔اداکارہ نے کہا یہ ضروری تھا کہ وہ کچھ دیر اپنے والدین سے دور رہے تاکہ اسے پتا چلے کہ ہم نہیں ہوں گے تو اسے کیسے رہنا ہے، دوسروں کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکول کا تعارفی دن وہ واحد دن تھا جب وہ بہت روئی اور میں شرمندہ ہوئی کیونکہ وہاں اس کے علاوہ اور کوئی بچہ نہیں رو رہا تھا جب کہ وہ کافی سوشل بچی ہے لیکن اب ایسا ہے کہ اسے سکول سے واپس نہیں آنا ہوتا۔صبور علی کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جہاں صارفین کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے فیصلے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ بچے کا بچپن انتہائی اہم ہے اسے یوں خراب نہ کریں جب کہ کچھ افراد نے اداکار جوڑے کے اس فیصلے کی حمایت بھی کی۔