گورنر راج لگانا ہے تو لگائیں‘ پختون اور صوبہ دشمن پالیسی نہیں مانوں گا سہیل آفریدی

ہمارے لانگ مارچ کی منزل صوابی سے آگے ہی ہے ، اس کا حتمی نتیجہ سب کے سامنے آ جائے گا ‘ان کی ناکام پالیسی سے دہشتگردی کم نہیں ہورہی بڑھ رہی ہے
وفاق اپنی ناکام پالیسی کے بجائے ہمارے کہنے پر عمل کرے  ، 100 دن میں امن قائم ہوجائیگا،  عمران خان کو باہر لانا ہے، وزیراعظم بنانا ہے:لانگ مارچ سے خطاب
 کوہاٹ (آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے مطالبات کا ڈرافٹ سوشل میڈیا پر جاری کر دیا ہے، اگر ایک بھی نکتہ غیر آئینی ہوا تو لانگ مارچ منسوخ کر دوں گا۔کوہاٹ سے روانگی پر یونیورسٹی چوک میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے غیرت مند لوگوں کا مشکور ہوں اور جوش و جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ وہ جذبہ اور حب الوطنی ہے جو ہمیشہ ٹارگٹ کی جاتی ہے، میرے جوانوں آپ کا وزیر اعلیٰ کسی سے نہیں ڈرتا اور میرے پختونخوا کے جوان بھی کسی سے نہیں ڈرتے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ میں نے اپنے مطالبات کا ڈرافٹ سوشل میڈیا پر جاری کر دیا ہے، اگر ایک بھی نکتہ غیر قانونی یا غیر آئینی ہو تو لانگ مارچ منسوخ کر دوں گا، میرے پاکستانیوں آپ سب کو معلوم ہے کہ ہم لانگ مارچ کرنے پر کیوں مجبور ہوئے؟ جب سے وزیر اعلیٰ بنا تب سے اب تک ہر دروازہ کھٹکھٹایا، جتنے جمہوری، آئینی و قانونی راستے تھے وہ سب اپنائے،  بار بار کہتا رہا کہ آپ مجھے بتائیں کہ میرے پاس کون سا راستہ بچتا ہے؟ ۔وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ تمام آئینی و قانونی راستے اپنائے، جو جعلی وزیر اعظم ہے اسے فون پر کہا میری عمران خان سے ملاقات کرائیں اس نے کہا پوچھ کر بتاتا ہوں، پھر صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور ہوئی کہ میری ملاقات ہونی چاہیے، چیف جسٹس آف پاکستان کو کہا مگر ملاقات نہیں ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے میرا سلام لینا بھی گوارہ نہیں کیا ، سپریم کورٹ کے تین ججز حکم کرتے ہیں کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کرایا جائے اس پر عمل نہیں ہوتا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ جہاں سے انصاف کی توقع ہو مگر انصاف نہ ملے تو یہ آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہم پرامن  احتجاج کریں