آزاد جموں و کشمیر میں 8 اکتوبر کو عام تعطیل

آزاد جموں و کشمیر میں 8 اکتوبر کو عام تعطیل

آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے 8 اکتوبر 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

 سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ دن "یومِ استحقاق و تجدیدِ عہد نو" کے طور پر منایا جائے گا۔یہ دن 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس نے آزاد کشمیر میں تاریخی تباہی مچائی تھی۔ اس زلزلے میں سینکڑوں اسکول، کالج، یونیورسٹی اور ہزاروں گھر منہدم ہوئے، ہزاروں افراد، بشمول بچے، جاں بحق ہوئے، اور باغ شہر مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی شدید نقصان ہوا تھا۔8 اکتوبر کے موقع پر کشمیر بھر میں خصوصی دعائیہ اجتماعات، سیمینارز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ شہداء زلزلہ 2005 کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے اور قوم اپنی تجدید عہد نو کا اظہار کرے۔

آزاد کشمیر میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور سرکاری دفاتر بھی تعطیل ہوں گے۔ اس دن کشمیری عوام اپنی بہادری اور حوصلے کی مثال پیش کرتے ہوئے، 2005 کے زلزلے کے بعد اپنے شہداء کو یاد کریں گے اور تباہ شدہ علاقوں کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں کو یاد رکھیں گے۔