میٹر چوری کا مقدمہ درج نہ ہونے پر شہری کاعدالت سے رجوع

گگو منڈی (خصوصی رپورٹ) میٹر چوری کا مقدمہ درج کروانے کے لیے ایڈیشنل سیشن جج بورے والا کی عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق میپکو صارف دلدار حسین ولد فقیر محمد نے معروف قانون دان ملک اکبر علی اعوان کی وساطت سے عدالت میں رٹ دائر کرتے ہوئے م ئوقف اختیار کیا کہ تقریباً ایک سال قبل ایس ڈی او عظیم آباد سب ڈویڑن رانا کامران عظیم، ایل ایس محمد جاوید، ایل ایس احمد رضا اور لائن مین محمد آصف نے اس کی آرا مشین کا میٹر چوری کر لیا تھا۔ بعد ازاں متعلقہ اہلکاروں نے میٹر چوری کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے 25 ہزار روپے بھتہ وصول کر کے میٹر دوبارہ لگانے کا وعدہ کیا، تاہم کچھ عرصہ بعد کہا گیا کہ میٹر گم ہو گیا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ میٹر کی عدم بحالی سے اس کا کاروبار بند پڑا ہے اور وہ معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ اس نے عدالت سے استدعا کی کہ ذمہ دار اہلکاران کے خلاف میٹر چوری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔معزز عدالت نے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر پولیس وہاڑی کو حکم دیا ہے کہ 15 اکتوبر کو کیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔