سبزہ زار میں قابضین کی سٹیٹ افسر ، انسپکٹر کودھمکیاں،عملہ عدم تحفظ کا شکار
لاہور (کرائم رپورٹر)سبزہ زار سکیم میں منظم قبضہ مافیا کیخلاف سنگین الزامات سامنے آگئے۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی کروڑوں مالیت کی اراضی پر مبینہ طور پر ایک گروہقابض ہے جسکی قیادت ریٹائرڈ ملازم شیخ طارق کر رہا ہے جبکہ اس کیساتھ اسحاق، اقبال اور احمد توصیف کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔اس کیس میں اس وقت صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی جب عدالتی پیشی کے دوران سٹیٹ افسر حسیب بٹ اور انسپکٹر نصراللہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیااور انکے کپڑے پھاڑ دیئے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیشی کے موقع پر ملزموں کیساتھ وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے سرکاری ٹیم کو دھمکیاں بھی دیں جبکہ واقعہ عدالت میں نصب کیمروں میں بھی ریکارڈ ہو چکا ہے۔سبزہ زار کے ایم بلاک میں سرکاری زمین پر قبضے کیخلاف مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہیتاہم شواہد موجود ہونے کے باوجود کارروائی کی رفتار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ایل ڈی اے کے افسر اور عملہ عدم تحفظ کا شکار دکھائی دیتے ہیں اور فیلڈ میں آپریشنز کے دوران انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے جسکی ایک بڑی وجہ سکیورٹی اور سٹاف کی کمی بتائی جا رہی ہے۔سبزہ زار میں ناجائزقبضے بڑھتے جا رہے ہیں اور بااثر قبضہ مافیا کھلا چیلنج بن چکا ہے۔