عمران خان کی بہنوں کا کسی ایجنسی سے کوئی رابطہ نہیں بلکہ کسی تعلق کا شبہ بھی نہیں کیا جا سکتا
ہماری درخواست ہے بانی پی ٹی آئی کے کیسز بھی دیگر مقدمات کی طرح چلائے جائیں :میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے ٹرائل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ پر عوامی اعتماد کم ہو رہا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی، تاہم امید ہے آج ہو جائے گی۔انہوںنے عدالتی نظام میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2023 اور 2024 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 24 لاکھ مقدمات التوا کا شکار ہیں، جن میں بانی پی ٹی آئی کا کیس بھی شامل ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز بھی دیگر مقدمات کی طرح چلائے جائیں اور ان میں وکلا، میڈیا اور عوام کو رسائی دی جائے، کیونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ یہ اوپن ٹرائلز ہیں۔