ن لیگ پہلے معاملات آپس میں طے کر لے: سعید غنی

وفاقی حکومت کو قانون سازی میں ہماری ضرورت  ،پنجاب حکومت کس کو مشکل میں ڈال رہی ہے؟
 انتخابات سے بڑا کوئی پیمانہ نہیں ہوتا،مسلم لیگ ن کے لوگوں پر فارم 47 کے الزامات ہیں
کراچی (آئی این پی )وزیر محنت سندھ سعید غنی  نے کہا ے کہ وفاقی حکومت کو قانون سازی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے، ن لیگ پہلے معاملات آپس میں طے کر لے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان کے لیڈرز کیا کہتے ہیں، پنجاب حکومت اگلے روز کچھ اور کہہ دیتی ہے اور معاملات کو خراب کرتی ہے۔ پنجاب حکومت کس کو مشکل میں ڈال رہی ہے؟سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی تعریف کی، ہم یہ نہیں چاہیں گے کہ حکومت سے نکلنے کے بعد معاشی بحرانی کیفیت پیدا ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے بڑا کوئی پیمانہ نہیں ہوتا، پیپلز پارٹی کے کامیاب ارکان پر فارم 47 کا الزام نہیں، مسلم لیگ ن کے لوگوں پر فارم 47 کے الزامات ہیں، سندھ کی اکثریت پیپلز پارٹی سے مطمئن ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں جب سیلاب آیا تو میں گلا کر رہا تھا کہ بڑا سیلاب آیا اور سب چھوٹی چھوٹی چیزوں میں لگے ہوئے تھے، سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کہہ رہی ہیں کہ میرا پانی میری مرضی، بھئی آپ کا پانی نہیں ہے، پانی ہمارا بھی ہے، آپ کی صرف حکومت ہے، نہ پنجاب آپ کا ہے، نہ پانی آپ کا ہے، نہ پیسہ آپ کا ہے، آپ کی پنجاب میں حکومت ہے اور آپ اس کی بات کر سکتی ہیں