سنار کے گھر سے لوٹا گیا دو کلو سے زائد سونا کھیتوں سے بر آمد ہوا
سمبڑیال (خصوصی رپورٹ ) سیالکوٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 کروڑ روپے مالیت کا سونا بازیاب کرا لیا۔ دو مسلح ملزمان علی الصبح سیڑھی لگا کر سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور ملازم کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ سمبڑیال کی حدود میں پیش آنے والی واردات کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ملتے ہی ڈی پی او دوست محمد نے فوری نوٹس لیا اور کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سمبڑیال اور ایس ایچ او پولیس ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کا گھیرا ئوکرکے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔ پولیس کے تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے ملزمان لوٹا گیا سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کھیتوں سے تمام سونا تلاش کرکے بازیاب کر لیا۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر چھاپے بھی جاری ہیں۔ ڈی پی او دوست محمد کا کہنا ہے کہ شہریوں اور تاجروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔