اسلام آباد (بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔ ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بیک ڈور رابطے ہوتے رہتے ہیں، تاہم پی ٹی آئی سے باضابطہ طور پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اگر گورنر راج سے اختلاف ہے تو وہ اپنی رائے دے سکتے ہیں، ان سے کوئی لڑائی نہیں بڑھانا چاہتا، نہ ہی کوئی لڑائی ہے بلکہ یہ محض اختلافِ رائے ہے۔ ہمیں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی رائے سے اختلاف کا حق حاصل ہے اور انہیں بھی یہ حق حاصل ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی مدد سے وہاں دہشت گردی کا ناسور پھیل رہا ہے، اس لیے دہشت گردی کا خاتمہ اہمیت کا حامل ہے۔ تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب کسی کے پاس ثبوت نہ ہوں تو ایسے الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔ چوہدری سالک نے خود کہا ہے کہ ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔