گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں کمی کا اعلان

کراچی (خصوصی رپورٹ) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔