جیکب آباد: صدر تھانے کی حدود میں سبزی منڈی کے قریب موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان کزن جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں نوجوان رشتے داروں کے ہاں دعوت سے واپس جا رہے تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 19 سالہ محسن علی کٹو اور 20 سالہ محمد موسیٰ کٹو کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں آپس میں کزن تھے اور گاؤں ہالانی کٹو کے رہائشی تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان موٹر سائیکل پر سوار ہوکر رشتے داروں کے ہاں دعوت میں شرکت کے بعد واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ سبزی منڈی کے قریب ان کی موٹر سائیکل کا ٹائر پھسل گیا۔ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان شدید حادثے کا شکار ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس نے ضروری کارروائی کی۔
بعد ازاں دونوں نوجوانوں کی لاشیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔جیسے ہی دونوں نوجوانوں کی لاشیں ان کے گھروں میں پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے، جبکہ عزیز و اقارب کی بڑی تعداد گھروں میں جمع ہوگئی۔ کم عمری میں دو نوجوانوں کی اچانک موت پر علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔حادثے کے باعث دونوں خاندانوں کو شدید صدمے کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ نے نوجوانوں کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔