لگتا ہے گانا چیٹ جی پی ٹی نے لکھا ہے،سلمان اپنی شہرت کو نقصان پہنچا رہے ہیں،صارفین
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو اپنی آنے والی حب الوطنی پر مبنی فلم ماتروبھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس کے رومانوی گانے تیری سیکسی بیوٹی کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے۔ سلمان خان نے 11 سال بعد پلے بیک سنگنگ میں واپسی کی ہے، تاہم گانے کی نوعیت اور فلم کے موضوع کے باعث ناظرین میں بحث چھڑ گئی ہے۔یہ گانا 4 نومبر کی صبح ریلیز کیا گیا، جس میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ چترانگدا سنگھ بھی نظر آتی ہیں۔ ویڈیو میں دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ رومانوی اور شوخ انداز میں وقت گزارتے، مشروبات سے لطف اندوز ہوتے اور رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔ چترانگدا سنگھ سرخ ساڑھی میں نظر آتی ہیں۔گانے کے بول اور انداز کو ناظرین کے ایک حصے نے پسند نہیں کیا۔ ناقدین نے سوال اٹھایا کہ 2020 میں گلوان وادی میں بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ سے متاثر فلم میں رومانوی پارٹی گانے کی کیا مناسبت ہے۔سلمان خان کی گلوکاری اور گانے کے بول بھی طنزیہ تبصروں کی زد میں آئے۔ ایک صارف نے بولوں کو ایسا قرار دیا جیسے انہیں چیٹ جی پی ٹی نے لکھا ہو، جبکہ دوسرے نے اداکار پر اپنے ہی کریئر اور شہرت کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔