سکیورٹی خدشات پراجازت نہیں دی:حکام،پی ٹی آئی نے آج جلسہ کرنا تھا
جلسے میں شریک افغانیوں کو 24گھنٹے میں ڈی پورٹ کر دیا جائیگا:ذرائع
کوئٹہ(خصوصی رپورٹ )بلوچستان حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے کی درخواست مسترد کردی، اجازت سکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر نہیں دی گئی ،دوسری طرف صوبائی حکومت نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی ہے ،جمعرات کو جاری سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے میں اسلحہ کی نمائش، جلسے جلوس، دھرنے اور 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی ،یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ،پی ٹی آئی نے آج 7نومبر کو کو ئٹہ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث کسی بھی جماعت کو جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، افغانیوں کی جلسے میں شرکت پر سخت کارروائی ہوگی اورایسے افغانیوں کو 24گھنٹے میں ڈی پورٹ کیا جائے گا، سکیورٹی کی سنگین صورتحال کے باعث الرٹ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی اقدامات سخت کردئیے گئے ہیں۔