اجتماع کا دوسرا دن دل میں اسلا م تک زندگی بیکار : علما کرام

 نبی اکرمؐ کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جائو، دنیا و آخرت سنور جائیگی:مولانا ابراہیم دہلوی، مولانا نذر الرحمن 
ریلوے سٹیشن پر دن بھر قافلوں کی آمد ، پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات، 3800پولیس افسر و اہلکار تعینات
لاہور،رائے ونڈ ( کرائم رپورٹر)رائے ونڈمیں تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ امیر جماعت مولانا نذرالرحمن کے فکر انگیز بیان سے شروع ہوگیا ، اجتماع کا پہلا سیشن 6 سے 9 نومبر تک جاری رہے گا۔شرکائے اجتماع سے خطاب میں مولانا محمد ابراہیم دہلوی اورمولانا نذر الرحمن نے کہا کہ جب تک دلوں میں اسلام نہیں آتا ہماری عملی زندگی بیکار ،عبادات کے ساتھ ساتھ معاملات کی حفاظت کرنا ضروری ہے ، اسلام اجتماعیت کا دین ہے ،اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں ، اللہ سے دوستی کرلیں ساری مشکلات سے نجات مل جائے گی ، معاشرے میں امن قائم ہو جائے۔مقررین نے مزید کہا کہ اپنے دلوں کو کدرتوں اور بغض سے پاک رکھو ،اللہ کی رحمت نازل ہوگی ، زندگی کا جتنا وقت حضور اکرمؐ کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا ،اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کے ساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو جس سے تمہارا تن اور من صاف ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مصائب اور آلام کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے ،نبی اکرمؐ کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جائو دنیا بھی اور آخرت بھی سنور جائے گی،ختم نبوت کے عقیدے کے بغیر سارے اعمال فارغ ہیں ،اپنے عقیدوں کو درست کرلو ،انسانیت کی عزت کرو ،لوگوں کے کام آئو یہی انسانیت کا فلسفہ ہے۔ دوسری طرف عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے روز معمول کے مطابق آنے والے مسافر ریل گاڑیوں میں غیر معمولی رش رہا ،دن بھر قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ،رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا ،اجتماع کے دوران پاکستان ریلوے نے خصوصی ٹرین چلائی گئی ہے۔ ادھر ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے سالانہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے موقع پر صفائی کے انتظامات کا سلسلہ جاری ہے،140 سے زائد ورکرز، 25 گاڑیاں تبلیغی اجتماع کے صفائی انتظامات پر مامور ہیں۔دوسری طرف لاہور پولیس نے رائیونڈ اجتماع کی سکیورٹی کیلئے 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 41 ایس ایچ اوز سمیت مجموعی طور پر 3800 سے زائد پولیس افسر و اہلکار تعینات کئے ہیں۔ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے 1000 سے زائد ٹریفک پولیس افسر و اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ پنڈال کے 14 مختلف مقامات پر پولیس کیمپس قائم ، 40 واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں۔