حادثہ سمبڑیال میں پھاٹک نہ ہونے کے با عث پیش آیا ، اہلکار محفوظ رہے
پو لیس کی گاڑی کو کرین کی مدد سے نہر مرالہ راوی لنک کے پل سے ہٹایا گیا
سمبڑیال، سیالکوٹ (خصوصی رپورٹ)ریلوے لائن عبور کرتے پٹرولنگ پولیس کی وین علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین کی زد میں آگئی ،گاڑی میں سوار اہلکار معجزانہ طورپر محفوظ رہے ،گاڑی کو کرین کی مدد سے نہر مرالہ راوی لنک کے پل سے ہٹایا گیا۔ گزشتہ روز علی الصبح وزیرآبا دسے براستہ سیالکوٹ کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین ساہووالہ نہر مرالہ راوی لنک پٹری پر پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے ساہووالہ پٹرولنگ پولیس کی گاڑی گشت کر کے واپس چوکی نہر مرالہ راوی لنک ساہووالہ آرہی تھی کہ ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے اچانک ٹرین کے آگے آگئی ،ٹرین کے انجن نے گاڑی کو نہر پل مرالہ راوی لنک پر لے گئی گاڑی میں ساہووالہ پٹرولنگ پولیس کے اہلکار تھے جوکہ گشت کر کے واپس آرہے تھے معجزانہ طورپر محفوظ رہے ،پٹرولنگ پولیس کی گاڑی کو کرین کے ذریعے نہر پل کے اوپر سے ہٹایا گیا،یادرہے کہ تین ماہ قبل اسی جگہ ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے کارحادثہ رونما ہوچکا ہے جس میں نارووال کے ایک پادری مشتاق جان جاں بحق ہوگئے تھے اورساتھی شدید زخمی ہوئے تھے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹری پر ریلوے پھاٹک بنایا جائے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔