2لاکھ 95ہزار 491افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے،167پولنگ سٹیشن قائم، تمام انتہائی حساس قرار
کراچی(آئی این پی ) کراچی کی 10بلدیاتی نشستوں کے لیے 68امیدوار میدان میں ہیں ۔ان یونین کونسلز میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14نومبر کو ہوگی۔ 10بلدیاتی نشستوں پر ووٹنگ کے لیے 167پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں اور تمام کو حساس و انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ جن یونین کمیٹیوں کی خالی نشستوں پر انتخابات ہونے جارہے ہیں ان میں یو سی 5یاسین آباد گلبرگ ٹائون کے وائس چیئرمین، یو سی 7لیاقت آباد ٹائون کے چیئرمین، یو سی 10بلدیہ ٹائون کے وارڈ 4کے ممبر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ یو سی 7کورنگی ٹائون کے وارڈ نمبر 1کے ممبر، یو سی 7ماڈل کالونی ٹائون کے چیئرمین، یو سی 6 لانڈھی ٹائون کے چیئرمین، یو سی 9 ملیر ٹان کے چیئرمین، یو سی 7 ابراہیم حیدری ٹائون کے وارڈ نمبر 4 کے ممبر، یو سی 13 صدر ٹائون کے چیئرمین اور یو سی 5 منگھوپیر ٹان کے وارڈ نمبر 4 کے ممبر کے لیے پولنگ ہوگی۔ ان یونین کمیٹیوں میں 2 لاکھ 95 ہزار 491 افراد حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے جن میں ایک لاکھ 57 ہزار 617 مرد اور 1 لاکھ 37 ہزار 874 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔